KITAB UL UROOJ (4 COLOR - PICTORIAL EDITION) کتاب العروج (4 رنگہ ایڈیشن)
PKR: 2,000/- 1,400/-
Author: RASHID SHAZ
Pages: 244
ISBN: 978-969-662-411-0
Categories: SCIENCE ISLAM
Publisher: BOOK CORNER
راشد شاز صاحب نے علی گڑھ یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں ڈاکٹریٹ حاصل کی ہے۔ انھوں نے اسلامی علوم اور خصوصاً تہذیبی ترقی کے عمل کے مطالعے کا نچوڑ ’’کتاب العروج‘‘ کی شکل میں اُمتِ مسلمہ کے سامنے پیش کیا ہے۔ ایک عرصے کے بعد ایسی تحریر سامنے آئی ہے جس میں اُردو زبان کی چاشنی اور علمی ایجاز، ہر ہر جملے سے جھلکتا ہے۔ مختلف مغربی اور مسلم مصادر کی مدد سے مسلم تہذیب، خصوصاً سائنسی اور فلسفیانہ اختراعات کا تذکرہ، دو مفصل ابواب جو ۲۰۰ صفحات پر پھیلے ہوئے ہیں، دریا کو کوزے میں بند کرنے کے مثل پیش کردیا گیا ہے۔ آخری باب جو بظاہر کتاب کا اصل مقصد نظر آتا ہے ’ایک نئی یونیورسٹی کا منصوبہ‘ کے زیرِعنوان باندھا گیا ہے۔ مصنف نے انتہائی عرق ریزی سے مسلمانوں کے علمی اور سائنسی کارناموں کا جائزہ لیاہے اور جابجا علمی تصنیفات اور آلات کی تصاویر سے کتاب کو مزین کیا ہے۔ اپنے ماضی سے غیر آگاہ جدید نسل کے مسلمان نوجوانوں کے لیے اس میں غیرمعمولی اہم لوازمہ ہے۔ مصنف نے اس بات کا بھی جائزہ لیا ہے کہ مسلمان عظیم سائنسی روایت کے باوجود کیوں زوال کا شکار ہوئے اور اس زوال سے نکلنے کے لیے انھیں کیا کرنا ہوگا؟ مصنف کا کہنا ہے کہ تبدیلی کا انقلابی عمل ایک بہت جرأت مندانہ اقدام کا متقاضی ہے جس میں روایت پرستی سے نکل کر ایک نئے ذہن اور نقطۂ نظر کے ساتھ علم کی تدوینِ جدید کرنی ہوگی۔ یہ کام علمی پیوندکاری سے نہیں ہوسکتا۔ اس کے لیے مستقبل کے چیلنجوں کو سامنے رکھتے ہوئے ایک نئی علمی روایت کو قائم کرنا ہوگا۔ ’’کتاب العروج‘‘ اوّل تا آخر توجہ کے ساتھ مطالعہ چاہتی ہے۔ مصنف نے قرآنی علمی سفر کو ادبی جاذبیت کے ساتھ پیش کیا ہے۔ اس کتاب کو ہرمسلم تعلیمی ادارے کے کتب خانے میں ہونا چاہیے اور علومِ اسلامی کے طلبہ کے لیے اس کا مطالعہ لازمی ہونا چاہیے۔ اس کتاب کی پیش کاری جس اعلیٰ درجے کی ہے، بیان نہیں کی جاسکتی۔ دیکھ کر ہی یقین کیا جاسکتا ہے۔ دبیز آرٹ پیپر کے بڑے سائز میں عروج کی داستانِ آلات، کتب اور شخصیات کی تصاویر سے مزین پیش کی گئی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد
(وائس چانسلر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اسلام آباد)
---
کچھ مصنف کے بارے میں:
راشد شاز علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مرکز فروغِ تعلیم و ثقافت مسلمانانِ ہند میں پروفیسر اور نئی دہلی میں واقع ایک غیرمنفعتی ادارہ پیس انڈیا انٹرنیشنل کے سربراہ ہیں۔ مختلف اقوام و ملل کے مابین افہام و تفہیم کی کوششوں کو فروغ دینے کے لیے عالمی ادارہ ایسیسکو نے انھیں اپنا سفیر بھی متعین کر رکھا ہے۔ فاضل مصنف فکرِ اسلامی پر اپنی فکر انگیز تحریروں کے حوالے سے دُنیا بھر میںجانے جاتے ہیں۔ ایک عرصے سے مختلف زبانوں میںان کی کتابوں کے ترجمے عالمِ عرب اورعالمِ غرب کے مختلف شہروں سے شائع ہوتے رہے ہیں۔ اپنی پہلی باضابطہ تصنیف ’غلبۂ اسلام: ہندوستان میں احیائے اسلام کا منشور‘(۱۹۸۷ء) کی اشاعت سے لے کر اب تک وہ حالات میں خوشگوار تبدیلی کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ مارچ ۱۹۹۱ء میں انھوں نے نئی دہلی میں ہندوستانی مسلمانوں کا پہلا ملک گیر کنونشن منعقد کیا۔ ۱۹۹۳ء میں ملی پارلیمنٹ کا باقاعدہ قیام عمل میں آیا جس کے ملک گیر اجلاس سے سال ۲۰۰۰ء تک ملک کی فضا گونجتی رہی۔ ۱۹۹۴ء میں ہفت روزہ ملی ٹائمز کے اجرا اور سال ۲۰۰۱ء میں اس کی اشاعت موقوف ہونے تک آپ اس کی سرپرستی کرتے رہے۔ ۲۰۰۴ء میں فکرِاسلامی کی ترویج و اشاعت کے خیال سے اُردو، انگریزی اور عربی میں بیک وقت ایک نئے الکترونی مجلے ’’فیوچر اسلام‘‘ کی اشاعت عمل میں لائے جس کے زیرِاہتمام ۲۰۰۵ء میں لندن میں ایک کانفرنس بھی منعقد کی گئی۔ ۲۰۱۳ء میں برج کورس (برائے فارغین دینی مدارس) کے تعلیمی تجربے کے لیے مسلم یونیورسٹی نے انھیں پروفیسر شپ کی پیش کش کی جسے آپ نے قبول کر لیا۔ ایک نئی پُرامن دُنیا کے قیام کے لیے آ پ مختلف بین الاقوامی فورمز پر بھی متحرک رہے ہیں اور اس سلسلے میں آپ نے دُنیا کے بیشتر ممالک کا سفر کیا ہے۔
Reviews
RAJA.AMAR.ULLAH. KHAN (WAZZIRABAD.DISTT.GUJRANWALA)
Dr hasnaat umar khan (hazro)
Dr Muhammad Nisar khan (Dr Muhammad Nisar khan, Chest Specialist, Swat Medical Complex, Saidu Sharif, District Swat, KPK.)
*