MAKTAB E ISHQ مکتب عشق
PKR: 1,250/- 875/-
Author: SYED SHABBIR AHMED
Pages: 344
ISBN: 978-969-662-478-3
Categories: BIOGRAPHY SUFISIM POETRY PUNJABI LITERATURE
Publisher: BOOK CORNER
’’مکتبِ عشق‘‘ سیّد شبیر احمد شاہ کی محبّت اور عقیدت سے گُندھی تحقیق ہے، جس میں انھوں نے پنجاب کے عظیم صوفیا اور شعرا کے حالاتِ زندگی اور ان کے نمونۂ کلام کو سامنے لانے کی نہایت عمدہ کوشش کی ہے۔ یہ مضامین کا مجموعہ نہیں، گلدستہ ہے کیوںکہ اس میں مختلف رنگوں، رُتوں اور ذائقوں کے پھول ہیں جن کی خوشبو ذہنوں کو نئی تقویت بخشتی ہے۔ تمام مضامین کو جامع تحقیق، دلی لگن اور محنت سے مرتّب کیا گیا ہے۔ معلومات تصدیق شدہ ہیں، کتابوں کے حوالے معتبر ہیں اور اشعار میں نمونۂ کلام بہت عمدہ ہے۔
پہلے حصے میں بابا فرید گنج شکرؒ، شاہ حسینؒ، ہاشم شاہؒ، بلھے شاہؒ، سلطان باہوؒ، وارث شاہؒ، میاں محمد بخش ؒاور خواجہ غلام فریدؒ شامل ہیں۔ صوفیا کی حیات و فن پر مضامین قاری کی معلومات میں خوبصورت اضافے کے ساتھ اسے اپنی دھرتی کی ثقافتی اور تمدنی روایات سے بھی روشناس کرتے ہیں۔ اس کے بعد پنجاب رنگ میں عظیم پنجابی شعرا قادر یار، شریف کنجاہی، احمد راہی، استاد دامن، شوکمار بٹالوی، امرتا پریتم، پروفیسرموہن سنگھ، درشن سنگھ آوارہ، بری نظامی، حزیں قادری، نصیر کوی، جوگی جہلمی اور دائم اقبال دائم کے مضامین ہیں جو قابلِ تعریف ہیں کہ تمام شاعر ہی بہت قد آور اور اپنے منفرد کلام کی بدولت الگ پہچان رکھتے ہیں۔ لیکن اس حصّے میں دو شاعر ایسے ہیں جن کا ذکر کر کے سید شبیر احمد شاہ نے ان کی ادبی خدمات کو علمی اور فنی سطح پر متعارف کروایا ہے۔ اگرچہ ان کے نام اس باب کے تمام شعرا میں سب سے زیادہ مشہور اور زبان زدِ عام ہیں لیکن ان کا علمی اور ادبی مرتبہ بہت کم بیان ہوا ہے۔ میری مراد معروف شاعر حزیں قادری اور بری نظامی سے ہے۔ حزیں قادری خصوصاً فلمی شاعر ی کی حیثیت سے ایک صاحبِ اسلوب استاد شاعر مانے جاتے ہیں۔ اسی طرح بری نظامی کے کلام کو ملک کے ممتاز گلوکاروں نے گایا ہے۔
مجموعی طور پر یہ ایک عمدہ تحقیقی کتاب ہے اور قاری کی دلچسپی کی کئی شخصیات اس کتاب میں شامل ہیں۔ میری دعا ہے کہ یہ کتاب قارئین کی پسند اور توجہ حاصل کرے اور محققین اس سے تحقیق کے نئے راستے تلاش کرسکیں۔
ڈاکٹر صغرا صدف
ڈائریکٹر جنرل
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لینگویج اینڈ کلچر لاہور، پنجاب