KYUN NA US DAUR MEIN JAYA JAYE کیوں نہ اس دور میں جایا جائے
KYUN NA US DAUR MEIN JAYA JAYE کیوں نہ اس دور میں جایا جائے
PKR: 1,500/- 1,050/-
Author: SALMA AWAN
Binding: hardback
Pages: 304
Year: 2026
ISBN: 978-969-662-719-7
Categories: AUTOBIOGRAPHY MEMOIR NONFICTION
Publisher: BOOK CORNER
On Sale: 01 December 2026
سارا کریڈٹ تو ’’بک کارنر‘‘ کے امر شاہد کو جاتا ہے جس نے اس کتاب کو لکھنے کی ترغیب دی اور بار بار اصرار بھی کیا۔
’’بہت بھر پور زندگی گزاری ہے آپ نے، اسے لکھیں۔‘‘
اس میں تو واقعی کو ئی شک نہیں تھا کہ حیاتی کھوتے کی طرح ہی کام کرتے گزار دی۔ باہر کے ملکوں میں لوگ سفر، تفریح کے لیے کرتے ہیں۔ یہاں اَسفار بھی ایک مقصد اور منصبوبے کے تحت ہوئے۔ بس لکھنا ہے، ملکوں کے انتخاب میں بھی ان کی تاریخی سطح پر قدامت اور ثقافتی سطح پر امیرترین ملک ہی ضروری ٹھہرے تھے۔ جانے سے قبل اُن کے بارے کتابیں پڑھنا اور نوٹس لینے ضروری ہوتے کہ یہ سب وہاں دیکھنا اور ان کے بارے جاننا بھی ہے۔ اور ستم یہ بھی کہ یہ تخلیقی پیش کش ہر انداز سے بہترین ہو۔ قاری کو گرفت میں لے، اُسے جٹ جھپی ڈال لے۔ تو اب سوچیں کہ خود کو سیاپے میں ڈالنے والی بات ہوئی نا۔
ہر کتاب کے لیے دو تین سال کی مدّت معمولی بات تھی۔ اپنے گھر میں رہتے ہوئے بھی، اُس دُنیا میں رہتی تھی جسے لکھتی تھی۔
اوپر والے کا بھی کتنا احسان تھا کہ اِس اللّی بللّی عورت کو بہترین صحت جیسی نعمت سے نوازا کہ اس سارے دَورانیے میں نزلہ، زکام اور موسمی بخار تک سے بھی واسطہ نہ ہونے کے برابر رہا۔ زندگی بھر پیناڈول کی آٹھ دس گولیوں کی ہی مرہونِ احسان رہی۔ ہلّہ شیری دینے والا شوہر بھی نصیب تھا۔
ہاں مگر 81سال بعد اوپن ہارٹ سرجری نے بتایا کہ کس گھمنڈ میں ہو؟ کچھ یاد ہے تمھیں؟ یہ سب تو پڑا رہ جانا ہے۔ اور بنجارے نے دوسروں کے مونڈھوں پر لد کر چلے جانا ہے۔ تو واقعی آنکھیں کُھل گئی تھیں۔ مگر شاید ابھی وقت باقی تھا کہ کچھ مہلت مل گئی تھی۔ تو وہی بات چور چوری سے جائے ہیرا پھیری سے نہ جائے۔ کاغذ قلم سے ناتا بھلا کیسے ٹوٹے؟
تو خود سے کہا، ’’چلو اس نگر چلتے ہیں جسے ہم پیچھے چھوڑ آئے ہیں۔ وقت کے کٹیلے اطوار اور جدید طریقوں نے کتاب کے ساتھ بہت دغا کیا ہے۔ کتاب ہاتھ میں پکڑنے اور پڑھنے کا چلن کم ہو گیا ہے۔ موٹی موٹی کتابیں تو قِصّۂ پارینہ بنتی جا رہی ہیں۔ تو پھر مجھے بھی چھوٹی سی کتاب کو لکھنا ہے۔ بس کچھ اہم واقعات، اپنے خاص الخاص پیاروں کا مختصر سا ذکر جن کی یاد اکثر تنہائی میں آنکھیں بھگو دیتی ہے۔ اور ہاں یہ بھی مدِّنظر رکھنا ہے کہ جو معصومیت اور بےساختگی یہ کردار لیے ہوئے ہیں، انھیں ویسا ہی سادہ سا اور معصوم سا رکھنا ہے۔ اندازِ بیان میں ہرگز ہرگز پُھول، ستارے اور ہیرے شِیرے ٹانکنے کی خود ساختہ کوشش نہیں کرنی ہے۔ زیادہ تاثر انگیز کرنے اور اپنی علمیت بگھارنے کی بھی ضرورت نہیں۔ کیسا دلچسپ تجربہ تھا کہ وہی شعر یاد آنے لگا ہے:
غزل اس نے چھیڑی مجھے ساز دینا
ذرا عمرِ رفتہ کو آواز دینا
اور سچّی بات ہے، مَیں نے تو بڑے سُکھ اور آرام سے اسے لکھ لیا۔
(سلمیٰ اعوان)
RATE THIS BOOK
RELATED BOOKS
