AALAMI NASRI ADAB | 3 VOLUMES SET عالمی نثری ادب | 3 جلدیں
PKR: 7,500/- 5,250/-
Author: ASHAR NAJMI
Pages: 2112
ISBN: 978-969-662-334-2
Categories: WORLD FICTION IN URDU SHORT STORIES TRANSLATIONS
Publisher: BOOK CORNER
✍️ مدیر کا نوٹ:
زیر نظر انتخاب کو ایک ذاتی انتخاب سمجھا جانا چاہیے۔ بیشتر تراجم مطبوعہ ہیں لیکن ان میں سے کچھ غیر مطبوعہ بھی ہیں۔ دوسری زبانوں سے اردو میں ترجمہ ہونے والے نثر پاروں کی فہرست کافی طویل ہے جس کی ببلیوگرافی تو بنائی جا سکتی ہے لیکن انھیں ایک جگہ اکٹھا کرنا ایک مشکل کام ہے۔ لہٰذا، ہم زیر نظر انتخاب کو ترتیب دیتے ہوئے اس کی لگام کو اپنی گرفت میں رکھنے پر مجبور تھے۔
ہمیں یہ دعویٰ ہرگز نہیں ہے کہ بہترین عالمی نثری ادب اس انتخاب کا حصہ ہیں۔ بلاشبہ بہت سے نام چھوٹ گئے ہیں اور بہت سے نثر پارے تنگیٔ صفحات کی نذر ہو گئے۔ بہرحال ہم نے اس انتخاب کو ترتیب دیتے ہوئے ناموں کی بجائے مختلف لسانی خطوں کو ترجیح دی اور کوشش کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ علاقوں ، زبانوں اور ان سے وابستہ ثقافتوں کی نمائندگی ممکن ہوسکے۔ اس لحاظ سے اس انتخاب کا جواز فنی سطح پر بھی ہے اور سماجی و ثقافتی سطح پر بھی ہے۔ یوں تو ان ممالک کی صنعتی ترقی اور ان کے معاشرتی رجحانات پر عمرانیات اور دیگر علوم کے ماہرین کے تجزیے اپنی جگہ اہم ہیں لیکن ناول اور افسانے میں انسان کے اندرونی احساسات اور مختلف تناظر میں انسانی ردعمل کی جو صورتیں دکھائی جاتی ہیں، وہ تجریدی اصطلاحات کے مقابلے میں زندگی کی تپش کا زیادہ احساس دلاتی ہیں۔ لہٰذا اس انتخاب میں ہماری کوشش یہ رہی ہے کہ فکشن کے حوالے سے ان ممالک کی معاشرتی زندگی، ان میں انسانی تعلقات کی نوعیت ، قدیم و جدید کے تصادم و اقدار کی ٹوٹ پھوٹ کی جامع تصویر بھی قارئین کو دکھائی جائے۔ ہم اپنے اس مقصد میں کہاں تک کامیاب ہوئے ہیں، اس کا فیصلہ تو اصحاب الرائے ہی کرپائیں گے۔
اس انتخاب پر کام کرتے ہوئے سینکڑوں کتابیں، رسائل، ویب سائٹس، اخباروں وغیرہ میں سے نثر پارے منتخب کیے گئے تھے لیکن اگر ان تمام کو شامل اشاعت کرلیا جاتا تو شاید دس جلدیں بھی ناکافی ہوتیں، لہٰذا سخت ترین انتخاب کے اصولوں کو وضع کرنے کے بعد جو کچھ ہے، وہ آپ کے سامنے حاضر ہے۔
ظاہر ہے زیر نظر شمارہ انتخاب پر مشتمل ہے، چنانچہ اس میں نئے ، پرانے اور بہت پرانے ترجمے بھی شامل اشاعت ہیں۔ مطبوعہ تراجم کا لازمی مطلب ہمیشہ یہ نہیں ہوتا کہ وہ تمام قارئین کی نظروں سے گزرے بھی ہوں، چونکہ ہندوستان میں چھپنے والے بیشتر تراجم کی رسائی پاکستانی قارئین تک نہیں ہو پاتی اور اسی طرح پاکستان میں شائع ہونے والے تمام تراجم ہندوستانی قارئین تک نہیں پہنچ پاتے۔ پھر یہ بھی ضروری نہیں کہ اپنے ہی ملک میں شائع شدہ تمام تراجم بھی ہمارے زیر مطالعہ رہے ہوں۔
ہم نے کوشش کی ہے کہ اس انتخاب میں مصنفین کے علاوہ مترجمین کے بھی مختصر تعارف پیش کیے جائیں کہ انھی کے توسط سے ہم تک دنیا بھر کی زبانوں کے نثر پارے پہنچتے رہے ہیں، ان کے اس احسان سے زبانوں کے علاوہ ثقافتیں بھی ثروت مند ہوتی ہیں اور ہم سب ان کے ایک طرح سے مقروض ہیں۔ پھر بھی کچھ مصنّفین اور مترجمین کا تعارف ہمیں نہ مل سکا ، لہٰذا ہم کوشش کے باوجود بے بس نظر آئے۔
ہم ان تمام اداروں، کتابوں، رسائل، بلاگس، اخباروں وغیرہ کے بھی شکرگزار ہیں جہاں سے ترجمے حاصل کیے گئے۔ اس کے علاوہ میں ان مترجمین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنھوں نے میری درخواست پر اس انتخاب کے لیے منتخبہ نثر پاروں کے ترجمے کی ذمہ داری قبول کی اور اسے پورا کیا۔
ہم ’بک کارنر‘ جہلم (پاکستان) کے امرشاہد اور گگن شاہد صاحبان کے ممنون ہیں کہ انھوں نے پاکستان میں اس کی اشاعت کی ذمہ داری قبول فرمائی۔ (اشعر نجمی)