Mei Sahir Hun - Buy Online | Book Corner

MEI SAHIR HUN میں ساحر ہوں

Inside the book
MEI SAHIR HUN

PKR:   800/- 400/-

Author: CHANDER VARMA
Editor: DR. SALMAN ABID
Tag: SAHIR LUDHYANVI
Binding: hardback
Pages: 336
ISBN: 978-969-662-002-0
Categories: AUTOBIOGRAPHY MEMOIR
Publisher: BOOK CORNER
★★★★★
★★★★★

ساحرؔ لدھیانوی، ایک ایسا نام جو ہم سب ساحرؔ کے چاہنے والوں کے دل و دماغ میں گزشتہ آٹھ دہائیوں سے گونج رہا ہے اور یہ گونج ہر دور میں وقت کے ساتھ ساتھ اپنی رسائی بڑھا رہی ہے۔
ساحرؔ لدھیانوی نے اپنی زندگی میں جو کچھ لکھا، وہ سب کچھ ہماری اپنی زندگيوں سے لیا ہوا وہ رس اور رہس ہے، جس نے ان کے لفظوں میں ڈھل کر، ان کا انداز بیان اپناكر، ایک جادوئی شکل اختیار کر لی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ساحرؔ کو ہم ایک سحر کے طور پر آج بھی محسوس کرتے ہیں۔ دوسری شاعری اور دوسرے فلمی گیت چاہے کتنے ہی ہمارے سامنے آگئے ہوں، ساحرؔ کے گیتوں اور ساحرؔ کی شاعری کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔
ہمارے اور آپ کے اس محبوب (ساحرؔ) پر اُن کی موت سے لے کر اب تک کتنی ہی کتابیں لکھی گئیں، پھر بھی ان کو جاننے، سمجھنے اور ان کو بوجھنے کی پیاس کم نہیں ہوئی، بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ ہر چاہنے والے نے ساحرؔ پر جو کچھ لکھا ہے، دل کھول کر لکھا ہے۔ ہم نے ساحرؔ پر لکھی تقریباً ان تمام کتابوں کو پڑھا ہے اور سمجھنے کی کوشش کی ہے کہ کس نے کتنی سچائی سے اور کتنی گہرائی سے کام لیا ہے۔ ہمیں یہ کہتے ہوئے افسوس بھی ہے کہ ساحرؔ پر اب تک لکھی گئی کتابوں میں تحقیق کا عنصر بہت کم ہے۔ اس کی وجہ یہ رہی ہوگی کہ یا تو لکھنے والوں نے ساحرؔ کی زندگی کا گہرا مطالعہ نہیں کیا یا ان سے جو کچھ بن پڑا وہ لکھ دیا۔ ہم نے ہندوستانی جامعات کے تحت کی گئی تحقیق پر بھی  عمیق نظر ڈالی ہے مگر ہنوز ہمیں وہ عنصر نہیں ملا جسے ہم واقعی تحقیق کا اعلیٰ معیاری عنصر کہہ سکیں، جو ساحرؔ کے مزاج، علوے فکر سے مطابقت رکھنے والا ہو سکے۔ یہ جامعات کی تحقیقی اسناد کے حصول کے لئے تو شاید مناسب رہے ہوں تو رہے ہوں مگر ساحرؔ کی زندگی اور ان کے کارناموں کا وہ احاطہ کر نہیں پاتی جو کہ ہونا چاہئے تھا۔
یہی وجہ ہے کہ ہم نے ساحرؔ کی شخصی زند گی، شعری زندگی، فلمی زندگی اور شخصیت، ان کے شعری ذہن اور ان کی شاعری میں چھپے پیام اور فلسفہ پر ایک تحقیقی کتاب لکھنے کا منصوبہ بنایا اور گزرے آٹھ برس کی مسلسل تحقیق کے بعد ہم یہ کتاب ’’میں ساحر ہوں‘‘ آپ کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں۔
’’میں ساحر ہوں‘‘ آپ بیتی کے انداز میں لکھی گئی ہے۔ اس کتاب کے پہلے صفحے سے لے کر آخری صفحے تک، ساحرؔ اپنے بارے میں خود ہی بول رہے ہیں، ایسا ہم نے اس لیے بھی کیا ہے کہ یہ کتاب ساحرؔ کی زندگی، ان کے مزاج اور ان کے ذہن و دل کی ایک سچی تصویر ہے۔ جب ساحرؔ خود بول رہے ہوں تو اس میں کوئی جھوٹ تو نہیں ہو سکتا۔
ہم نے ساحرؔ کی شاعری کے موقع بہ موقع چند حصے یہاں نقل کیے ہیں مگر سرسری طور پر یہ تمام اشعار اور نظمیں ایسی ہیںکہ اگر اُنہیں مکمل نقل کیا جاتا تو کتاب کے صفحے بہت بڑھ جاتے۔ ہم پڑھنے والوں سے گزارش کریں گے کہ ان کی شاعری پر شائع کی گئی تمام کتابیں مثلا، ’’تلخياں، آؤ کہ کوئی خواب بنیں، گاتا جائے بنجارا، میں پَل دو پَل کا شاعر ہوں، ساحر کی شاعری کا انگریزی ترجمہ‘‘ وغیرہ ضرور پڑھیں۔ یہ کتاب ساحرؔ کو بھرپور سمجھنے کے لحاظ سے ایک مضبوط قدم ہے اور ساحر کی شاعری کی کتابیں، ساحرؔ کے پیام اور فلسفہ کو سمجھنے کے لیے آخری قدم۔
’’میں ساحرؔ ہوں‘‘ اپنی کئی مخصوص خوبیوں کے ساتھ آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ ہم اس کتاب کی دو خوبیوں کا ذکر ضرور کریں گے۔ پہلی تو یہ کہ ساحرؔ اپنی پوری سچائی کے ساتھ، اپنی زندگی اور ذہن و دل کے آئینوں میں صفائی کے ساتھ جھلک رہے ہیں اور دوسری یہ کہ ساحرؔ کا وہ کلام جو، یا تو کہیں نہیں ملتا، یا اگر مل بھی جائے تو ادھوری شکل میں، ایسی شاعری پوری صحت کے ساتھ ہم نے مکمل طور سے اس کتاب میں آپ کے لیے پیش کر دی ہے۔ ایک اور بات اس سلسلے میں بتانا ضروری ہے کہ ہم نے پوری کتاب میں جو اندازِ بیاں اختیار کیا ہے وہ اُردو اور ہندی کی چاشني والا ہے۔
یہ کتاب ہم نے ساحرؔ لدھیانوی کی سچی اور گہری تحقیق کے لیے قائم کی گئی ساحرؔ لدھیانوی جينيس گلوبل ریسرچ کونسل (رجسٹرڈ) کے لیے لکھی ہے۔
عبدالحئی ساحرؔ لدھیانوی پر ہم بہت جلد (بلکہ اسی سال) دو اور کتابیں کونسل کے ذریعہ پیش کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ آپ اس کتاب کو کسی تنگ نظری یا جانبداری یا تعصب کی نظر سے نہیں دیکھیں گے، بلکہ صاف نقطہ نظر سے اس کتاب کو پڑھیں گے۔ ہماری یہ بھی خواہش ہے کہ فیس بک (Facebook) پر ساحرؔ کونسل کا گروپ اور خصوصی صفحہ ضرور ملاحظہ کریں، ساتھ ہی ساتھ یوٹیوب (Youtube) پر ساحرؔ لدھیانوی چینل پر ساحرؔ پر خصوصی ویڈیوز بھی ملاحظہ کریں جہاں ہر نئی بات اور ہر نئی تحقیق ہم پوسٹ کر تے رہیں گے۔
آپ کی رائے آگے کی جانے والی ہماری کوششوں میں نہ صرف ہماری حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ ساحر لدھیانوی کی حیات اور ان کے پیامِ انسانیت نواز کی تبلیغ و تشہیر کے لئے مہمیز کا کام کرے گی۔
آخر میں پاکستان کے معروف اشاعتی ادارے ’’بک کارنر، جہلم‘‘ کا شکریہ ادا کرنا نہ بھولیں گے کہ جن کی بدولت ہماری یہ محنت ہندوستان کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی منظرِ عام کا سبب بنی اور یوں یہ کتاب آپ تک پہنچے میں کامیاب ہوئی۔

ڈاکٹر سلمان عابد
چندر ورما

Reviews

M

Muhammad Ashraf Zahid (Chichawatni)


م

محمد اشرف زاہد (چیچاوطنی)


RELATED BOOKS