Aik thi Ammi Aik the Abba - Buy Online | Book Corner

AIK THI AMMI AIK THE ABBA ایک تھی امی ایک تھے ابا

AIK THI AMMI AIK THE ABBA

PKR:   1,500/- 1,050/-

Author: TAHIRA KAZMI
Binding: hardback
Pages: 208
Year: 2026
ISBN: 978-969-662-722-7
Categories: MEMOIR NONFICTION
Publisher: BOOK CORNER

اگر ابّا زندہ ہوتے تو آج چوبیس اکتوبر کو جو کیک کاٹتے اس پہ سو(100) موم بتّیاں جگمگا رہی ہوتیں۔
کیا کریں یہ سہ حرفی لفظ ’’اگر‘‘ جی کاروگ بن گیا ہے ... اگر ابّا ہوتے... اگر ابّا ہوتے، اگر ہم یہ جان لیتے، اگر وہ پوچھ لیتے ... اگر ... اگر ...
ابّا کا نہ ہونا کیوں بنا عذاب؟ یہ ہے اصل سوال۔
گھر میں ہم اٹھارہ انیس برس رہے پھر ہاسٹل روانہ ہو گئے۔ ابّا مست ملنگ، خود میں گُم، اپنی ریاضتوں میں مصروف اور ہم الہڑ اور اپنی سرگرمیوں میں غرق، کبھی تجسّس نے اُکسایا ہی نہیں کہ گُم صُم ابّا سے باتیں کریں۔
ابّا کی زندگی پہ بہت سے پردے پڑے ہوئے تھے، اس کی مختصر جھلک امّی کی باتوں میں نظر آتی۔ بہت کچھ تھا جاننے کے لیے ... بھٹی بھنگو گاؤں میں گزرا بچپن، ڈسکہ میں ہائی سکول، بی اے اور منشی فاضل تک کی جدّوجہد، دہلی میں نوکری، مذہب کی طرف جھکاؤ، پاکستان کا قیام اور دہلی سے پنڈی تک کاسفر، دادا دادی کا احوال، طاہرہ کاظمی اوّل سے جدائی، محنت کی کمائی سے لیے گئے گھر سے محرومی، انیس سو ستّر میں کیے گئے حج کے قصّے، جی ایچ کیو میں کام کا احوال اور نہ جانے کیا کچھ۔ دل کی لگی دل لگی میں رہ گئی۔ ہم نے پوچھا نہ کبھی، اُنھوں نے بتایا نہ کبھی۔
اور آج یہ پچھتاوا دل کا روگ ہے۔ سوچتے ہیں اگر باتیں کرنے کا خیال ان کی کم گوئی کی وجہ سے کہیں ٹھہر گیا تھا تو خط وکتابت میں ہی ان سے یہ سب نہیں تو کچھ نہ کچھ تو پوچھ لیتے جو ہاسٹل کے چھے برسوں میں ہمارے بیچ رہی اور اس میں کبھی وقفہ نہیں آیا۔
ہاسٹل سے واپسی پہ ہماری شادی ہوگئی اور دوبارہ گھر سے رخصت ہو گئے۔ شادی کے جھمیلے ہی اس قدر تھے کہ کون یاد رکھتا کہ ابّا سے قصّے بھی سننے ہیں۔ عمر کی چھٹی دہائی میں انھیں فالج ہوگیا اور پھر چراغوں میں روشنی نہ رہی۔
یہ تاسف زندگی کا حصہ ہے کہ جب کہانی گو موجود تھا تب ہمارا فہم اس قابل نہیں تھا کہ ان موتیوں کو دامن میں سمیٹتے۔ زندگی کی کہانی کچھ سمجھ میں آنے لگی، سوالوں کے سنپولیے سر اٹھانے لگے تو چراغ کی لَو گُل ہو گئی، محفل کی بساط ہی لپیٹ دی گئی۔ اب ہم چھٹی دہائی میں داخل ہو چکے ہیں اور انتہائی اُداس اور نادم کہ ہم نے ایک زمانے اور ایک عہد کا احوال اپنی کم فہمی کی وجہ سے کھو دیا۔
اس کتاب میں محض وہ بچی کھچی باتیں ہیں جو ہماری یادداشت میں محفوظ ہیں ... ابّا کا کہا بتایا بہت کم ہے۔
اگر ہماری سمجھ اس دَور میں اتنی کمزور نہ ہوتی تو آپ کو ایک ایسے شخص کی تصویر بہتر طور پہ نظر آتی جسے زمانے سے الگ ہوکر اپنے راستے پہ چلنے میں کوئی ڈر یا خوف مانع نہیں تھا۔ جُوںجُوں ہم اُن کے اس پہلو پر سوچتے ہیں ان کا قد اور بڑا ہوتا جاتا ہے، اور شاید یہی راستہ اور راستے کا نقشہ بھی؛ ان کے راستے پر ان کی پیروی، پوری نہ سہی دو چار قدم یا دو چار قدم کی کوشش۔
ہمارا وعدہ ہے کہ اگلی بار جب ہم ان سے ملے، بہت سی کہانیاں آپ کی منتظر رہیں گی۔
سوویں سالگرہ مبارک ابّا!
طاہرہ کاظمی
24 اکتوبر 2026ء

RELATED BOOKS